آزاد کشمیر انتخابات: عظمیٰ بخاری کا بلاول سے انتخابی نتائج تسلیم کرنے کا مطالبہ
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں عوام نے ترقی اور جدت کے حق میں فیصلہ دیا ہے، جسے تمام سیاسی جماعتوں کو کھلے دل سے تسلیم کرنا چاہیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی گزشتہ 18 ماہ کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے جبکہ مخالفین اپنی حکومتوں کی کارکردگی پیش کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر، بالخصوص میرپور ڈویژن کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، انتخابی نتائج کو تسلیم کرنا ہی جمہوری سیاست کا تقاضا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میرپور ڈویژن کے نتائج کے بعد ایک جماعت میں مایوسی اور فرسٹریشن بڑھتی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کروڑوں روپے کے ترقیاتی فنڈز بھی فراہم کیے گئے، اس کے باوجود وہ عوام کا اعتماد حاصل نہ کر سکے۔
عظمیٰ بخاری نے پنجاب اور سندھ کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں گرین بس سروس، طلبہ کے لیے میل پروگرام، جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبے، طیب اردوان اسپتال، بیوٹیفکیشن پروگرام اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 18 سال سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے لیکن کراچی سمیت صوبے کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے، پنجاب میں جدید انفراسٹرکچر، واسا کے لیے جدید مشینری، ایئر ایمبولینس، طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ پروگرام جیسے منصوبے جاری ہیں جبکہ سندھ کے طلبہ اپنے تعلیمی مسائل پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے بلاول زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب آکر ترقیاتی منصوبوں کا خود جائزہ لیں اور پنجاب اور سندھ کی کارکردگی کا موازنہ کریں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کل بلاول بھٹو زرداری نے کسی کا گلہ پکڑا، پھر ساری رات پیر پکڑ کر بیٹھے رہے۔
انہوں نے ایک بار پھر زور دیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج کا احترام کیا جانا چاہیے اور عوام کے فیصلے کو تسلیم کرنا ہی جمہوری روایت ہے۔