بحرین اور جی سی سی کی سعودی تیل تنصیبات پر حملوں کی مذمت
منامہ: بحرین اور خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بحرین کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران سے منسلک مسلح گروپوں کی جانب سے سعودی عرب کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنانا علاقائی سلامتی کے لیے خطرناک پیش رفت ہے، ایسے حملے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام برقرار رکھنے کی جاری کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
بحرین نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مملکت کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے تمام قانونی اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
ادھر خلیجی تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے بھی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں موجود مسلح ملیشیاؤں کی جانب سے سعودی عرب کو مسلسل نشانہ بنانا تشویشناک اور خطرناک اضافہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حملے نہ صرف سعودی عرب کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں بلکہ پورے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے بھی براہِ راست خطرہ ہیں۔
جاسم محمد البدیوی کا کہنا تھا کہ جی سی سی کے تمام رکن ممالک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتے ہیں اور مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام فیصلوں کی حمایت کرتے ہیں۔
دوسری جانب تاحال ایران یا ان گروپوں کی جانب سے، جن پر حملوں کا الزام عائد کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔