|

پرائیویسی فیچرز کی بہتری: ایپل اسمارٹ گلاسز کی لانچ مؤخر ہونے کا امکان

کیلی فورنیا: ایپل مصنوعی ذہانت سے چلنے والے اپنے اسمارٹ گلاسز کی تیاری میں صارفین کی رازداری کو بنیادی ترجیح دے رہا ہے۔

تازہ رپورٹس کے مطابق کمپنی نے اس ڈیوائس کی متوقع لانچ میں تاخیر کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ہارڈویئر کے ساتھ ساتھ پرائیویسی سے متعلق حفاظتی اقدامات کو بھی مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق ایپل آئندہ سال جون میں ہونے والی ورلڈ وائیڈ ڈیولپرز کانفرنس (WWDC) کے دوران اپنے اسمارٹ گلاسز کی ابتدائی جھلک پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، تاہم اس پروڈکٹ کی باقاعدہ فروخت 2027 کے اختتام تک شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی متعدد ایسے فیچرز پر کام کر رہی ہے جن کا مقصد صارفین کے ذاتی ڈیٹا کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ ان میں زیادہ تر مصنوعی ذہانت کی پراسیسنگ ڈیوائس کے اندر ہی انجام دینا، چہرے کی شناخت کی سہولت شامل نہ کرنا، اردگرد کے ماحول کی مسلسل اسکیننگ کو محدود رکھنا اور صارفین کی ریکارڈنگز کو اے آئی ماڈلز کی تربیت کے لیے استعمال نہ کرنے کی پالیسی شامل ہے۔

اس کے علاوہ مزید سیکیورٹی فیچرز بھی آزمائے جا رہے ہیں۔

ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایپل کی یہ حکمت عملی اسے اسمارٹ گلاسز کی مارکیٹ میں منفرد مقام دلا سکتی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب پرائیویسی سے متعلق خدشات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق میٹا کے رے بین اسمارٹ گلاسز نے اس شعبے کو مقبول ضرور بنایا، لیکن خفیہ ریکارڈنگ کے خدشات بھی جنم دیے۔ انہی تحفظات کے باعث کئی تعلیمی اداروں، اسپتالوں، عدالتوں اور دیگر حساس مقامات پر کیمرے سے لیس پہننے والی ڈیوائسز کے استعمال پر پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *