کراچی کی قدیم لی مارکیٹ کی بحالی کے دوران تاریخی مجسمے برآمد
کراچی: شہر کے قدیم علاقے میں واقع تاریخی لی مارکیٹ کی بحالی کے دوران آثارِ قدیمہ کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، جہاں تعمیراتی کام کے دوران قدیم طرز کے دو مجسمے دریافت ہوئے ہیں۔ دریافت ہونے والی اشیا کو محفوظ کر لیا گیا ہے جبکہ ان کی تاریخی اہمیت جانچنے کے لیے ماہرینِ آثارِ قدیمہ سے معائنہ کرایا جائے گا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ اولڈ سٹی ایریا میں لی مارکیٹ کی بحالی کے دوران قدیم اشیا سامنے آئیں، جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس مقام پر تاریخی اہمیت کے حامل آثار موجود ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بحالی کے کام کے دوران ملنے والے دونوں مجسموں کی عمر، ساخت اور تاریخی پس منظر کا تعین ماہرینِ آثارِ قدیمہ کریں گے،کسی بھی حتمی رائے سے قبل ان اشیا کا سائنسی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا تاکہ ان کی اصل حیثیت اور تاریخی قدر و قیمت سامنے آ سکے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی ایک قدیم تاریخی شہر ہے اور اس کے مختلف علاقوں میں موجود ورثے کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ لی مارکیٹ سے ملنے والی اشیا کی مکمل دستاویزات اور ریکارڈ مرتب کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں بھی اس تاریخی دریافت کو محفوظ رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ دریافت ہونے والے مجسموں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور کے ایم سی تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی، لی مارکیٹ کی بحالی کا عمل جاری رہے گا، تاہم تاریخی نوعیت کی دریافت کے بعد مزید کھدائی اور تعمیراتی کام احتیاط کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔
لی مارکیٹ کراچی کے قدیم تجارتی مراکز میں شمار ہوتی ہے اور اولڈ سٹی ایریا کا ایک اہم تاریخی مقام ہے،شہر کے قدیم علاقوں میں وقتاً فوقتاً ایسی اشیا سامنے آتی رہی ہیں جو کراچی کی تہذیبی اور تاریخی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔
حکام کے مطابق لی مارکیٹ سے ملنے والی اشیا کے بارے میں ماہرین کی رپورٹ آنے کے بعد ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ یہ مجسمے کس دور سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی تاریخی حیثیت کیا ہے،ابتدائی طور پر اس دریافت کو کراچی کے تاریخی ورثے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔