برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال زیر بحث

لندن: برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ ایک بار پھر اٹھا دیا گیا، جہاں رکنِ پارلیمنٹ لارڈ قربان حسین نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے برطانوی حکومت سے واضح مؤقف اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔

ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے لارڈ قربان حسین نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور حالات نسل کشی کے دہانے تک پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے جینو سائیڈ واچ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے برطانوی حکومت پر زور دیا کہ وہ اس تناظر میں اپنا مؤقف مزید واضح کرے اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

اس موقع پر برطانوی حکومت کی جانب سے جواب دیتے ہوئے پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف اسٹیٹ لارڈ کولنز نے انسانی حقوق کے حوالے سے برطانیہ کے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کیا،برطانوی حکومت بھارتی پولیس یا سکیورٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق تمام الزامات کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی حمایت کرتی ہے۔

لارڈ کولنز نے کہا کہ برطانیہ انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی اور احتساب کے اصولوں کی حمایت جاری رکھے گا اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی آزادانہ تحقیقات کو ضروری سمجھتا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ہونے والی اس بحث کو برطانوی پارلیمنٹ میں اس دیرینہ تنازع پر جاری مباحث کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے، جہاں مختلف ارکان وقتاً فوقتاً انسانی حقوق، شہری آزادیوں اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *