امریکا کی “ڈرامائی سفارت کاری” ناکام ہو چکی، ایرانی اسپیکر کی تنقید
تہران: ایران کے پارلیمنٹ اسپیکر اور امریکا کے ساتھ مذاکرات میں ایرانی وفد کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن بار بار “ڈرامائی سفارت کاری” کا مظاہرہ کر رہا ہے، دھونس، وعدہ خلافی اور جھوٹی خبروں پر مبنی حکمت عملی اب ناکام ہو چکی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا پہلے بڑے فوجی حملوں کی دھمکیاں دیتا ہے، پھر اچانک اپنا مؤقف تبدیل کرکے مذاکرات کی بات کرنے لگتا ہے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پہلے کہا جاتا ہے کہ بڑا حملہ ہونے والا ہے، پھر اچانک کہا جاتا ہے کہ نہیں، اب وہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں،یہ وہی ڈرامائی سفارت کاری ہے جو بار بار دہرائی جا رہی ہے، واشنگٹن کی جانب سے دباؤ ڈالنے کے لیے دھونس، وعدہ خلافی اور جھوٹی خبروں کا سہارا لیا جاتا رہا ہے، مگر یہ حکمت عملی ناکام ثابت ہو چکی ہے اور اس سے کوئی مثبت نتیجہ حاصل نہیں ہوگا۔
انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ زمینی حقائق کو تسلیم کرے اور اپنے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کرے کیونکہ محض بیانات اور سیاسی حربوں سے مسائل حل نہیں ہوں گے، ایران کو مزید بیانات یا سیاسی ڈرامے کی ضرورت نہیں بلکہ سنجیدہ، ذمہ دارانہ اور عملی اقدامات درکار ہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان موجود تنازعات کے حل کی جانب حقیقی پیش رفت ممکن ہو سکے۔