| |

امریکی صدر ٹرمپ نے کینیڈا کی کئی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف لگا دیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا سے درآمد ہونے والی متعدد مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے اس حوالے سے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت نئے ٹیرف آئندہ 30 روز کے اندر نافذ کیے جائیں گے۔ متاثرہ مصنوعات میں وائن، ہاکی سے متعلق سامان اور سیمنٹ شامل ہیں۔

صدر ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ کینیڈا امریکی الکوحل، آٹوموبائل اور ڈیری مصنوعات کے ساتھ غیرمنصفانہ اور امتیازی سلوک کر رہا ہے، جس کے جواب میں یہ اقدام کیا گیا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے ان ٹیرف کے نفاذ کے لیے 1930 کے تجارتی قانون کے ایک سیکشن کو قانونی بنیاد بنایا ہے۔

دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے امریکی فیصلے کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا آزاد اور منصفانہ تجارت کا حامی ہے۔

اپنے بیان میں مارک کارنی نے کہا کہ کینیڈا گزشتہ کئی ماہ سے جاری تجارتی تنازع کے حل کے لیے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ملکی مفادات کے تحفظ اور اپنی معاشی طاقت کو مستحکم بنانے کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *