پیٹرولیم لیوی اور مہنگے پیٹرول کے خلاف جماعت اسلامی کا آج ملک گیر احتجاج
کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پیٹرولیم لیوی ٹیکس کی وصولی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف آج جمعہ 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا، جس کے سلسلے میں کراچی میں بھی بھرپور احتجاج کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
اعلان کردہ پروگرام کے مطابق آج شام 4 بجے شہر کے مختلف علاقوں سے احتجاجی ریلیاں روانہ ہوں گی اور مزارِ قائد پہنچ کر مرکزی احتجاج میں شرکت کریں گی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے واضح اور دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی ٹیکس کی جبری اور ظالمانہ وصولی کے خلاف پُرامن احتجاج ہر صورت کیا جائے گا، لیوی ٹیکس کی جبری وصولی عوام پر ظلم ہے اور اس کے خلاف عوامی آواز بلند کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے شہر بھر سے آنے والی ریلیوں کے منتظمین، ذمہ داران اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ مکمل نظم و ضبط کے ساتھ پُرامن انداز میں مزارِ قائد پہنچیں اور احتجاج کو کامیاب بنائیں۔
دریں اثنا جماعت اسلامی کراچی کے تحت پیٹرولیم لیوی ٹیکس ختم کرنے اور پیٹرول سستا کرنے کے مطالبے کے حق میں آج کے احتجاج کو بھرپور، مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے گزشتہ روز شہر بھر میں بڑے پیمانے پر سرگرمیاں جاری رہیں۔
اس سلسلے میں عام شہریوں، تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے رابطے کیے گئے جبکہ سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت مختلف تاجر تنظیموں نے بھی احتجاج میں شرکت اور حمایت کا اعلان کیا۔
جماعت اسلامی کے مطابق شہر کی بڑی شاہراہوں، اہم چورنگیوں اور 100 سے زائد اہم عوامی مقامات پر احتجاجی کیمپ قائم کیے گئے، جو رات گئے تک جاری رہے۔ ان کیمپوں کے ذریعے شہریوں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی گئی جبکہ ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے گئے۔
اسی طرح شہر کے مختلف علاقوں میں نوجوانوں نے موٹر سائیکل ریلیاں نکالیں، جنہوں نے اندرونی گلیوں اور شہر کی مختلف چھوٹی بڑی سڑکوں پر گشت کیا۔ مختلف سوزوکی گاڑیوں اور ٹرکوں پر ساؤنڈ سسٹم نصب کرکے موبائل تشہیری مہم بھی رات گئے تک جاری رکھی گئی۔
جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت فائیو اسٹار چورنگی پر تاجروں کا احتجاجی کیمپ بھی قائم کیا گیا، جس میں مختلف تاجر تنظیموں اور ایسوسی ایشنوں کے عہدیداران اور نمائندوں نے شرکت کی اور احتجاج کی حمایت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی وجیہ حسن اور جماعت اسلامی کے دیگر ذمہ داران نے کیمپ کا دورہ کیا اور تاجروں کی جانب سے احتجاج کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
احتجاج کی حمایت کرنے والوں میں جیم اینڈ جیولرز حیدری لیاقت آباد کے صدر سید فراز احمد، حیدری مارکیٹ مینجمنٹ کے صدر اختر شاہد، آل کراچی شادی ہال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری طارق خواجہ، نارتھ ناظم آباد اسٹیٹ ایجنٹس اینڈ بروکرز ایسوسی ایشن کے صدر عرفان عالم، سندھ پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدر علیم قریشی، نارتھ ناظم آباد ریسٹورنٹ اینڈ فوڈ اسٹریٹ کے صدر خالد اسماعیل، شیخ القریش برادری کے صدر شاہد قریشی، گلبہار ٹریڈ ایسوسی ایشن کے صدر جاوید قریشی، گول مارکیٹ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر ارشد ہاشمی، عباسی شہید کیمسٹ ایسوسی ایشن کے صدر احمد صاحب، سبزی فروش ایسوسی ایشن کے صدر اشرف، بائیکیا رائیڈرز کے نمائندے، فوڈ پانڈا کے نمائندے اور دیگر شخصیات شامل تھیں۔