آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت تقریباً رک گئی، ایک روز میں صرف 3 مال بردار جہاز گزرے
آبنائے ہرمز سے گزرنے والے مال بردار جہازوں کی تعداد میں اچانک نمایاں کمی سامنے آگئی، گزشتہ روز صرف 3 مال بردار جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، جبکہ اس سے ایک روز قبل منگل کو یہ تعداد 12 تھی۔
شپنگ ڈیٹا کے مطابق صرف ایک روز کے دوران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے مال بردار جہازوں کی تعداد میں 9 کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اہم بحری گزرگاہ میں تجارتی بحری آمدورفت محدود ہونے کے اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق منگل کے روز 12 مال بردار جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے تھے، تاہم اگلے ہی روز یہ تعداد کم ہوکر صرف 3 رہ گئی۔
شپنگ ڈیٹا کے مطابق ان اعداد و شمار میں وہ بحری جہاز شامل نہیں ہیں جو آبنائے ہرمز سے گزرنے کے دوران اپنا ٹریکنگ سسٹم بند کردیتے ہیں، اس لیے حقیقی طور پر گزرنے والے جہازوں کی تعداد دستیاب اعداد و شمار سے مختلف ہوسکتی ہے۔
آبنائے ہرمز خلیج فارس کو خلیج عمان اور بحیرہ عرب سے ملانے والی ایک اہم بحری گزرگاہ ہے اور عالمی سطح پر توانائی اور تجارتی سامان کی سمندری نقل و حمل کے لیے اس کی اہمیت غیر معمولی ہے۔
شپنگ سرگرمیوں میں کمی کے تازہ اعداد و شمار ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں بحری نقل و حرکت اور آبنائے ہرمز سے متعلق صورتحال پر عالمی منڈیوں اور شپنگ کمپنیوں کی نظریں مرکوز ہیں۔