امریکی فوجی ہیلی کاپٹر ٹیکساس میں گر کر تباہ، 2 اہلکار ہلاک
امریکی ریاست ٹیکساس میں امریکی فوج کا اے ایچ-64 اپاچی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 2 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق فورٹ ہُڈ فوجی اڈے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر سیلاڈو کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ پولیس کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً 1 بج کر 33 منٹ پر سیلاڈو گاؤں کے جنوب میں واقع کھیتوں میں ہیلی کاپٹر کے ملبے کی اطلاع ملی۔
جائے وقوعہ پر پہنچنے والے اہلکاروں نے ملبے کے ساتھ شدید آگ بھی دیکھی۔ حکام نے حادثے میں دونوں فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
تاہم حکام کی جانب سے حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر کی سرگرمیوں یا حادثے کی وجوہات سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔