ہنگو میں نجی بینک پر مسلح افراد کا حملہ، منیجر اور کیشیئر اغوا، سرچ آپریشن شروع
ہنگو: خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں تھانہ ٹل کے علاقے دلن میں نجی بینک پر مسلح نقاب پوش افراد نے حملہ کرکے بینک منیجر اور کیشیئر کو اغوا کرلیا۔
پولیس کے مطابق مسلح افراد نے بینک میں داخل ہو کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں بینک کے اندر موجود سامان کو نقصان پہنچا جبکہ حملہ آوروں نے سی سی ٹی وی کیمروں اور کمپیوٹرز کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور بینک منیجر وسیم آفریدی اور کیشیئر علاءالدین کو اغوا کرکے ’’چھپری ویزران‘‘ کی جانب لے گئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں جبکہ مغوی افراد کی بازیابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔