|

اسلام آباد ایکسپریس وے کو موٹروے طرز پر بنانے کا بڑا منصوبہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ایکسپریس وے کو جدید موٹروے طرز کی شاہراہ میں تبدیل کرنے کے حکومتی منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے سے ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر ہوں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبے کا دورہ کیا، جہاں سی ڈی اے حکام نے انہیں جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور منصوبے کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق سروس روڈ انڈر پاس کی تکمیل سے دیہی علاقوں سے آنے والی ٹریفک کو آسان رسائی ملے گی جبکہ ایکسپریس وے پر گاڑیوں کا دباؤ بھی کم ہوگا۔

محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبے پر کام شروع کرنے سے پہلے مختلف مقامات پر قائم تجاوزات کو ہٹایا گیا تاکہ تعمیراتی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہ آئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبہ مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی، تاہم اس کے لیے تقریباً ایک سال کا وقت رکھا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت تقریباً 9 کلومیٹر طویل سروس روڈ تعمیر کی جائے گی، جبکہ فیصل مسجد اور کشمیر چوک پر جدید فلائی اوورز بھی بنائے جائیں گے تاکہ ٹریفک کی روانی مزید بہتر ہو سکے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے کو جدید ٹریفک مینجمنٹ اور کشادہ سروس روڈز کے ذریعے موٹروے معیار کی شاہراہ بنایا جائے گا، جس سے شہریوں کے سفر کا وقت کم ہوگا اور آمدورفت زیادہ محفوظ بنے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سی-14 سیکٹر کی تکمیل ہو چکی ہے جبکہ دیگر ترقیاتی سیکٹرز پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے شاہدرہ اور دوتارہ ڈیمز پر بھی عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ حکومت کا مقصد اسلام آباد کو جدید، سرسبز اور منظم دارالحکومت بنانا ہے۔ ان کے مطابق تمام ترقیاتی منصوبے ماحول دوست اصولوں کے تحت مکمل کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر ٹرانسپورٹ، رہائشی سہولیات اور صاف ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *