ایپل کے پہلے
|

ایپل کے پہلے فولڈ ایبل فون اور آئی فون 18 سیریز متعارف کرانے کی تاریخ سامنے آگئی

ایپل کے صارفین کے لیے بڑی خبر سامنے آگئی ہے، کمپنی کی نئی آئی فون 18 سیریز کی رونمائی کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔ اس کے ساتھ ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کو بھی متعارف کرانے کی اطلاعات ہیں، جسے کمپنی کی جانب سے ایک بڑی نئی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل رواں سال 9 ستمبر کو خصوصی تقریب کے دوران اپنی نئی مصنوعات پیش کرے گا۔ آئی فون 18 سیریز کے علاوہ ایونٹ میں ایپل واچ سیریز 12، ایپل واچ الٹرا، ہوم پوڈ منی اور دیگر مصنوعات بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اس بار ایپل کی جانب سے آئی فون متعارف کرانے کے معمول کے طریقہ کار میں تبدیلی متوقع ہے۔ مختلف رپورٹس کے مطابق ایونٹ میں آئی فون 18 اور آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون بھی پیش کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق فولڈ ایبل ڈیوائس کو آئی فون الٹرا کا نام دیے جانے کا امکان ہے۔ اس فون کو ایپل کا اب تک کا سب سے مہنگا آئی فون بھی قرار دیا جارہا ہے، جس کی قیمت 2 ہزار ڈالر سے زیادہ ہونے کی توقع ہے۔

دوسری جانب معیاری آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کی رونمائی فوری طور پر نہیں بلکہ 2027 کے آغاز میں کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے حتمی معلومات ایپل کی جانب سے باضابطہ اعلان کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔

آئی فون 18 سیریز کی قیمتوں کے حوالے سے بھی صارفین کے لیے اہم اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 پرو ماڈلز کی قیمت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

رپورٹ میں ممکنہ طور پر 100 ڈالر اضافے کا ذکر کیا گیا ہے، جس کے بعد آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1099 ڈالر کے بجائے تقریباً 1199 ڈالر ہوسکتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ریم اور دیگر چپس کی قیمتوں میں اضافے کو اس ممکنہ مہنگائی کی ایک وجہ قرار دیا جارہا ہے۔

تاہم قیمت، ماڈلز اور فولڈ ایبل آئی فون کے نام سمیت تمام تفصیلات کو حتمی سمجھنے سے پہلے ایپل کے باضابطہ اعلان کا انتظار کرنا ہوگا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *