آزاد کشمیر میں
|

آزاد کشمیر میں کلیئرنس آپریشن کے دوران فائرنگ، رینجرز اہلکار شہید، دوسرا شدید زخمی

آزاد کشمیر میں سرساوہ تا تراڑکھل سڑک کی کلیئرنس کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں رینجرز کا ایک اہلکار شہید جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں بند سڑکوں کو آمد و رفت کے لیے کھولنے کے سلسلے میں جاری کلیئرنس آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا،فائرنگ اسنائپرز نے کی، جس کے نتیجے میں رینجرز کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں رینجرز کے جوان سپاہی شاہ نواز سینے میں گولی لگنے سے شہید ہوگئے، جبکہ لانس نائیک بلال کاندھے پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

رپورٹس کے مطابق شہید رینجرز اہلکار سپاہی شاہ نواز کا تعلق سندھ کے ضلع خیرپور سے تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی جبکہ کلیئرنس آپریشن کے دوران اہلکاروں کی حفاظت کے لیے اضافی اقدامات بھی کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق سرساوہ تا تراڑکھل سڑک سمیت مختلف راستے بند ہونے کے باعث مقامی آبادی کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ علاقے میں اشیائے خورونوش کی قلت کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں، جس کے باعث مقامی افراد کی جانب سے بند راستے کھولنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اسی صورتحال کے پیش نظر سڑکوں کی کلیئرنس اور آمد و رفت بحال کرنے کے لیے کارروائی کی جا رہی تھی۔

حکام کے مطابق سڑکوں کی بندش کے باعث مریضوں، مسافروں اور دیگر شہریوں کو مشکلات کا سامنا تھا جبکہ ضروری اشیاء کی ترسیل بھی متاثر ہورہی تھی۔ کلیئرنس آپریشن کا مقصد راستوں کو محفوظ بناتے ہوئے شہریوں کے لیے آمد و رفت بحال کرنا تھا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *