|

کراچی میں جدید ٹوموتھراپی ٹیکنالوجی: بریسٹ کینسر مریضوں کو مفت علاج کی سہولت

کراچی: جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں بریسٹ کینسر کے علاج کے لیے جدید ترین ریڈی ایشن یونٹ قائم کر دیا گیا ہے، جو تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق منصوبہ فعال ہونے کے بعد مریضوں کو جدید ریڈی ایشن علاج مفت فراہم کیا جائے گا، جسے ملک میں کینسر کے علاج کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ ’بلقیس و عبدالستار ایدھی بریسٹ ریڈی ایشن بے‘ سندھ حکومت، پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن اور ایدھی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے۔

اس منصوبے میں ایک ارب روپے سے زائد مالیت کی جدید ٹوموتھراپی ٹیکنالوجی نصب کی گئی ہے، جس سے علاج زیادہ مؤثر، محفوظ اور کم وقت میں مکمل کیا جا سکے گا۔

شعبہ سائبر نائف کے سربراہ پروفیسر طارق محمود کے مطابق روایتی طور پر 20 سے 22 نشستوں پر مشتمل ریڈی ایشن تھراپی اب جدید مشینوں کی مدد سے صرف پانچ سیشنز میں مکمل ہو سکے گی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ ٹیکنالوجی شعاعوں کو زیادہ درست انداز میں متاثرہ حصے تک پہنچاتی ہے، جبکہ دل اور دیگر صحت مند اعضا کو غیر ضروری تابکاری سے محفوظ رکھنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق بریسٹ کینسر خواتین میں عام پایا جانے والا سرطان ہے، تاہم بروقت تشخیص اور فوری علاج سے صحت یابی کے امکانات نمایاں طور پر بڑھ جاتے ہیں۔

ماہرین نے خواتین پر زور دیا ہے کہ چھاتی میں گانٹھ، شکل یا سائز میں تبدیلی، جلد پر غیر معمولی علامات یا کسی اخراج کی صورت میں فوری طبی معائنہ کرایا جائے تاکہ بیماری کی بروقت تشخیص اور مؤثر علاج ممکن بنایا جا سکے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *