|

وسیم اکرم کا لاپتہ پالتو کتا مل گیا، سابق کپتان نے عوام اور پولیس کا شکریہ ادا کیا

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا چند روز قبل لاپتہ ہونے والا پالتو کتا ڈیوک (Duke) بالآخر مل گیا، جس کے بعد سابق فاسٹ بولر اور ان کے اہل خانہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوام اور پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔

چند روز قبل وسیم اکرم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ ان کا پالتو کتا کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز آٹھ سے لاپتہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اس کی تلاش میں تعاون کی اپیل کرتے ہوئے معلومات فراہم کرنے والے شخص کے لیے ڈھائی لاکھ روپے نقد انعام کا بھی اعلان کیا تھا۔

اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں سابق کپتان نے بتایا تھا کہ ان کے پالتو کتے کا نام ڈیوک ہے، اس کا رنگ کالا ہے اور وہ کم عمر کتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی تھی کہ اگر کسی کو ڈیوک کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر رابطہ کیا جائے۔

سابق کپتان وسیم اکرم کا لاپتا پالتو کتا مل گیا

وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے خوشخبری سنائی کہ ان کا پالتو کتا بحفاظت مل گیا ہے۔ ویڈیو میں انہوں نے ڈیوک کو تلاش کرنے میں مدد کرنے والے تمام افراد، مداحوں اور پولیس افسران کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی فوری توجہ، تعاون اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کے باعث ان کا پالتو کتا واپس مل گیا، جس پر وہ سب کے بے حد شکر گزار ہیں۔

دوسری جانب وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ڈیوک کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اس کی بحفاظت واپسی پر خوشی کا اظہار کیا اور تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے تلاش کے عمل میں تعاون کیا۔

وسیم اکرم کی جانب سے کتے کی گمشدگی اور پھر بحفاظت ملنے کی خبر سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بنی رہی، جہاں مداحوں نے ڈیوک کی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سابق کپتان اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *