آسٹریلیا نے ورلڈکپ 2027 کیلئے اسکواڈ میں کھلاڑیوں کی تعداد بڑھانے کا مطالبہ کردیا
عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2027 کے لیے اسکواڈ کی تعداد 15 سے بڑھا کر 17 کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
آسٹریلیا کا مؤقف ہے کہ ورلڈ کپ 2027 میں فائنل تک پہنچنے والی ٹیم کو مجموعی طور پر 13 میچز کھیلنے ہوں گے، جو 2023 کے ورلڈ کپ میں فائنلسٹ ٹیم کے 11 میچز کے مقابلے میں دو زیادہ ہیں۔
آسٹریلوی ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کے مطابق 15 رکنی اسکواڈ میں اگر ایک یا دو کھلاڑی انجری کا شکار ہوں تو ٹیم سلیکشن مشکل ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹورنامنٹ مختلف اور دور دراز مقامات پر کھیلا جا رہا ہو تو لاجسٹک مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں، اس لیے اسکواڈ میں کھلاڑیوں کی تعداد بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیفا ورلڈ کپ میں 26 رکنی اسکواڈ کی اجازت دیتا ہے، حالانکہ فٹ بال میں بھی ایک وقت میں صرف 11 کھلاڑی میدان میں ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ عالمی چیمپئن اسپین نے صرف 8 میچز کھیلے، جبکہ کرکٹ ورلڈ کپ میں کامیابی کے لیے اس سے کہیں زیادہ میچز کھیلنے پڑتے ہیں۔