شرجیل میمن کا مریم نواز کو جواب، عظمیٰ بخاری کی بھی جوابی تنقید
کراچی: سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قیامت 2024 میں آ گئی تھی جبکہ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھی ان کے بیان پر سخت جوابی تنقید کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے مریم نواز کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ آپ نہیں، فارم 47 کا نشہ بول رہا ہے،قیامت 2024 میں آ گئی تھی، جب خیرات کے مینڈیٹ بانٹے جا رہے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا تھا کہ پیپلز پارٹی جو دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر ہے، دھاندلی کا رونا رو رہی ہے، قیامت کتنے بجے ہے؟
مریم نواز نے ایک اور بیان میں کہا تھا کہ اگر مخالفین کے پاس کارکردگی، بہتر طرزِ حکمرانی اور عوامی ایجنڈا ہوتا تو وہ دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دیتے۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھی شرجیل انعام میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اچھا واقعی تبھی سندھ بٹا تھا، چوتھی مرتبہ بلیک میل کرکے حکومت میں ہیں نا؟
انہوں نے مزید کہا کہ تب قیامت نہیں آئی جب گھر کی نشست کے لیے مخالف امیدوار غائب کیے گئے؟ جب سندھ میں بلدیاتی انتخابات چوری کیے گئے؟ ہمیشہ ‘قومی مفاد’ کے نام پر بلیک میلنگ کرتے ہوئے 18 سال سے سندھ پر قبضہ جما رکھا ہے۔ وڈے انقلابی، جعلی جمہوری۔”
مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان آزاد کشمیر انتخابات اور مبینہ دھاندلی کے الزامات پر بیانات اور جوابی بیانات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔