بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، جیل میں تمام طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، احسن اقبال
اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی، انہیں جیل میں علاج معالجے کی تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بہترین ڈاکٹرز اور ضروری طبی سہولیات دستیاب ہیں، اس لیے ان کی صحت کے حوالے سے کسی کو تشویش نہیں ہونی چاہیے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی جا رہی۔ وہ اسی سیل میں موجود ہیں جہاں پہلے قید تھے اور انہیں علاج معالجے کی تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سیاسی قیدی نہیں بلکہ سزایافتہ قیدی ہیں، تاہم حکومت ان کی صحت کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اچانک سڑکوں پر آنے کی باتوں میں تیزی آئی ہے، تاہم ملک کو اس وقت احتجاج، گھیراؤ اور جلاؤ کی سیاست کے بجائے معاشی استحکام کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھیراؤ جلاؤ کی سیاست ملک کے دشمنوں کو فائدہ پہنچاتی ہے، جو بھی سیاسی جماعت اس وقت سڑکوں کو گرم کرنے کی کوشش کرے گی، وہ دشمن کے تخریبی ایجنڈے کو تقویت دے گی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پورے ملک کو ڈی چوک بنانے کے بجائے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے پر توجہ دینا ہوگی، ملک کو اس وقت سیاسی احتجاج نہیں بلکہ اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی حکومت کی اتحادی ہے اور کہیں نہیں جا رہی، پیپلزپارٹی حکومت کے ساتھ ہے اور رہے گی۔