الٹی گنتی والے خود بھی سیدھے ہوجائیں گے اور ان کی گنتی بھی سیدھی ہوجائے گی: رانا ثناء
باغ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہےکہ پیپلز پارٹی وفاق میں اسی تنخواہ پر کام کرے گی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، کشمیر سے پاکستان کا رشتہ کوئی طاقت کمزور نہیں کرسکتی۔ کشمیر ایکشن کمیٹی میں بہت سارے لوگ ہمارے بھائی اور محب وطن ہیں۔یہ بات انہوں نے آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں ن لیگ کو دو تہائی اکثریت کے لیے 6 سیٹوں کی ضرورت ہے، دو دن بعد الیکشن میں 4 شیر منتخب ہوکر اسمبلی پہنچیں گے، عوام پاکستان کے مالک ہیں، پاکستان کا کون سا حصہ ہے جہاں کشمیری کام نہیں کررہے؟ پاکستان میں کشیریوں کو سارے حقوق مل رہے ہیں۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کشمیر ایکشن کمیٹی میں بہت سارے لوگ ہمارے بھائی اور محب وطن ہیں، الٹی گنتی والے خود بھی سیدھے ہو جائیں گے اور ان کی گنتی بھی سیدھی ہو جائے گی۔