|

صحت مند اور طویل زندگی کے لیے سیب کا استعمال کیوں ضروری ہے؟

روزانہ ایک سیب کھانے کی عادت نہ صرف جسم کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے بلکہ یہ طویل اور صحت مند زندگی گزارنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق یہ پھل وٹامنز، فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس کا بہترین ذریعہ ہے۔

معالجین کا کہنا ہے کہ ایک درمیانے سائز کے سیب میں تقریباً 60 کیلوریز ہوتی ہیں اور اسے اس کی قدرتی شکل میں کھانا زیادہ فائدہ مند ہے۔ سیب کا جوس یا دیگر مصنوعات بنانے کے عمل میں اس کے اہم غذائی اجزا ضائع ہو جاتے ہیں جو صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق سیب کا باقاعدہ استعمال خون میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس میں موجود فائبر اور کم گلوکوز جسم میں شوگر کے اچانک اضافے کو روکتے ہیں، جس سے ذیابیطس کے شکار افراد کو بھی نمایاں فائدہ حاصل ہوتا ہے۔

ماہرین نے مزید کہا کہ سیب میں موجود فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس خون میں نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کم کرتے ہیں۔ چونکہ کولیسٹرول شریانوں میں رکاوٹ پیدا کرکے دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھاتا ہے، اس لیے یہ پھل دل کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے نہایت مفید ہے۔

بلند فشار خون کے مریضوں کے لیے بھی سیب کا استعمال کارگر ثابت ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے باقاعدہ استعمال سے بلڈ پریشر کو متوازن رکھا جا سکتا ہے، جس سے دل کا دورہ پڑنے یا فالج جیسے سنگین طبی مسائل کے امکانات میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے۔

سیب جسم میں سوزش کم کرنے میں بھی مددگار ہے۔ تحقیق کے مطابق اس کے استعمال سے خون میں سوزش کی علامت سمجھے جانے والے سی-ری ایکٹو پروٹین کی سطح کم ہوتی ہے۔ ساتھ ہی یہ آنتوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے اور مفید جراثیم کی افزائش میں مدد فراہم کرتا ہے۔

سیب میں پانی اور فائبر کی وافر مقدار پیٹ کو دیر تک بھرا ہوا محسوس کراتی ہے، جس سے وزن کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ مستقل بنیادوں پر سیب کھانے والوں میں 15 سال بعد اموات کے خطرے میں 35 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے، تاہم ماہرین نے زور دیا کہ اچھی صحت کے لیے متوازن غذا اور ورزش بھی انتہائی ضروری ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *