|

ورلڈ کپ نہ جیتنے کے باوجود رونالڈو کی ایک منٹ کی کمائی نے سب کو حیران کر دیا

لزبن: پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اگرچہ اپنے شاندار بین الاقوامی کیریئر میں قومی ٹیم کو فیفا ورلڈ کپ کا تاج نہ پہنا سکے، تاہم مالی کامیابیوں کے میدان میں وہ نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں، ان کی ہر گزرتی منٹ کے ساتھ دولت میں حیران کن رفتار سے اضافہ ہو رہا ہے۔

فوربز کی تازہ رپورٹ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 1.2 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جس کے بعد وہ کھیلوں کی تاریخ کے امیر ترین کھلاڑیوں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 1 سال کے دوران رونالڈو نے مجموعی طور پر 300 ملین ڈالر آمدنی حاصل کی۔ اس حساب سے ان کی دولت میں ہر منٹ تقریباً 570 ڈالر کا اضافہ ہوا، جو پاکستانی کرنسی میں 1 لاکھ 58 ہزار روپے سے زائد بنتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رونالڈو کی آمدنی میں نمایاں اضافہ 2023 میں سعودی عرب کے کلب النصر کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے بعد دیکھنے میں آیا، جس کی انہوں نے 2025 میں تجدید بھی کی۔ اس معاہدے کے تحت پرتگالی سپر اسٹار سالانہ 200 ملین ڈالر سے زیادہ معاوضہ وصول کر رہے ہیں، جو انہیں دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے فٹبالرز میں شامل کرتا ہے۔

رونالڈو کی دولت کا انحصار صرف فٹبال سے حاصل ہونے والی آمدنی پر نہیں۔ مختلف عالمی اداروں کے ساتھ تشہیری معاہدے، متعدد کاروباری منصوبوں میں سرمایہ کاری اور سماجی رابطوں کے مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی ان کے مالی اثاثوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔

دوسری جانب اگرچہ حالیہ فیفا ورلڈ کپ میں پرتگال ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور یہ ایونٹ رونالڈو کے لیے ممکنہ طور پر آخری عالمی کپ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم انہوں نے تاحال بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، جس کے باعث شائقین اب بھی ان کے مستقبل سے متعلق اعلان کے منتظر ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *