ایران کو اردن میں امریکی فوجی اڈے پر حملے کے نتائج بھگتنا ہوں گے: ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اردن میں امریکی فوجی اڈے پر مبینہ ایرانی میزائل حملے کا سخت جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کہ امریکی فوج نے رات بھر ہونے والے حملوں میں داغے گئے متعدد بیلسٹک میزائلوں کو کامیابی سے تباہ کیا جب کہ عراق میں امریکی اور سعودی افواج کے مشترکہ حملوں کے بعد بغداد اور تہران کی جانب سے بھی شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
امریکی صدرنے کہا ہے کہ امریکا اردن میں موجود امریکی افواج پر مبینہ ایرانی میزائل حملے کا بھرپور جواب دے گا۔انہوں نےسخت الفاظ میں ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو اس حملے کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
ٹرمپ کے مطابق امریکی فوج کو اس حملے کو روکنے کے لیے صرف چند ہی منٹ ملے، تاہم انہوں نے آنے والے تمام بیلسٹک میزائل کامیابی سے روک کر اس حملے کو ناکام بنایا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عراق میں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کے خلاف رات گئے کیے گئے فضائی حملے امریکی اور سعودی افواج نے عراقی حکومت کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی کے بعد انجام دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کے حمایت یافتہ گروہوں کے خلاف مزید اقدامات پر بھی غور کر رہا ہے۔
ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بدھ کی شب ایران نے اردن میں امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی جس کے کچھ ہی دیر بعد امریکا اور سعودی عرب نے عراق میں ایران نواز گروہوں پر مشترکہ حملے کیے تھے۔