|

نوجوانوں کو نظام درست کرنے کےلیے میدان میں اترنا ہوگا: ڈاکٹرحمیراطارق

  لاہور : جماعت اسلامی  پاکستان حلقہ  خواتین کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ، نوجوان ملک کی سب سے بڑی طاقت اور سرمایہ ہیں انہیں خراب سسٹم کو ٹھیک کرنے کے لیے میدان میں آنا ہوگا ۔

جماعت اسلامی یوتھ ویمن پاکستان کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی کے موقع پر نظریہ پاکستان ٹرسٹ مال روڈ لاہور میں ’’یوتھ کا پاکستان‘‘ کے عنوان سے پروقار اور پرجوش تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طالبات، نوجوان خواتین اور بچیوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد نوجوان نسل میں حب الوطنی، نظریاتی شعور، تخلیقی صلاحیتوں اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے جذبے کو اجاگر کرنا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے، یہی نوجوان ملک کی سب سے بڑی طاقت اور سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی یوتھ ٹیکنالوجی استعمال کرنا چاہتی ہے، بزنس کرنا چاہتی ہے، پاکستان کے مسائل کا حل چاہتی ہے اور ایسا پاکستان دیکھنا چاہتی ہے جس کا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا۔

ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ ’’آپ صرف فالوئنگ نہیں چاہتیں بلکہ پاکستان کے عوام کی زندگی بدلنا چاہتی ہیں۔ آپ یہ کہہ کر نہیں بیٹھ سکتیں کہ سسٹم خراب ہے، اگر سسٹم خراب ہے تو اسے ٹھیک کرنے کے لیے میدان میں آنا ہوگا اور جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ نوجوان صرف کمپلین نہیں کریں گے، صرف سوشل میڈیا کے کسی ٹرینڈ کو فالو نہیں کریں گے بلکہ اپنی صلاحیت، کردار اور جدوجہد سے ٹرینڈ بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے خوابوں کا پاکستان محض تقریروں اور نعروں سے نہیں بنے گا بلکہ دیانت، محنت، علم، کردار اور مسلسل جدوجہد سے تشکیل پائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے نظریاتی ورثے سے جڑیں، پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں اور ایک ایسے معاشرے کے قیام کے لیے آگے بڑھیں جہاں انصاف، امن، تعلیم، خوشحالی اور باوقار زندگی ہر شہری کا حق ہو۔

اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید نے بھی نوجوانوں سے پرجوش انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ وقت خواب دیکھنے کا نہیں بلکہ خوابوں کو حقیقت بنانے کا ہے۔ نوجوان لڑکیاں اگر ٹھان لیں تو وہ نہ صرف اپنے لیے بلکہ پورے معاشرے کے لیے تبدیلی کی علامت بن سکتی ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یوتھ کا جذبہ ہی پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہے اور یہی جذبہ ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر لے جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مایوسی اور بے عملی کے بجائے اپنی تعلیم، ٹیکنالوجی، کاروباری صلاحیتوں اور تخلیقی توانائی کو پاکستان کی تعمیر کے لیے استعمال کرنا ہوگا۔ آج کی نوجوان نسل محض مستقبل کی وارث نہیں بلکہ آج کے پاکستان کی فعال قوت ہے، اسے ملک کے مسائل کا حصہ نہیں بلکہ مسائل کے حل کا حصہ بننا ہے۔

تقریب میں بچیوں اور نوجوان طالبات نے ٹیبلو، ملی نغموں اور تقاریر کے ذریعے پاکستان کے روشن مستقبل کی عکاسی کی۔ بچیوں نے ملک کو درپیش مسائل، بالخصوص مہنگی بجلی، پٹرول کی بڑھتی قیمتوں، جنگلات کی کٹائی، سموگ اور ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں اور مختلف موضوعات پر ماڈلز بھی تیار کیے، جسے شرکاء نے سراہا۔

مقررین نے کہا کہ ’’یوتھ کا پاکستان‘‘ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک عملی جدوجہد کا نام ہے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں خواتین اور نوجوانوں کا کردار فیصلہ کن ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں استعمال کرتے ہوئے ملک کے مسائل کے حل کے لیے عملی میدان میں اتریں۔

تقریب میں جماعت اسلامی کی مرکزی و مقامی قیادت نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید، ناظمہ حلقہ لاہور عظمیٰ عمران، نائب ناظمات حلقہ لاہور شیما، شازیہ عبدالقادر اور راحیلہ انجم موجود تھیں۔ جے آئی یوتھ کی مرکزی ٹیم سے عروشہ عامر اور آسیہ ارشد جبکہ نگران یوتھ لاہور عطیہ احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شرکت کی۔

تقریب میں شریک طالبات اور بچیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تعلیم، صلاحیتوں، کردار اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بچیوں میں اسناد اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *