| |

دبئی میں سیاح لانے والوں کے لیے ہزاروں درہم کی انعامی اسکیم متعارف

دبئی حکومت نے سیاحت کے شعبے کو دوبارہ متحرک بنانے کے لیے ایک نئی ترغیبی مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت متحدہ عرب امارات میں مقیم افراد اگر اپنے بیرون ملک رہنے والے دوستوں یا رشتہ داروں کو دبئی کی سیر کے لیے مدعو کریں تو انہیں ہزاروں درہم مالیت کی مختلف سہولتیں اور خصوصی مراعات فراہم کی جائیں گی۔

عرب میڈیا کے مطابق دبئی کے محکمہ اقتصادیات و سیاحت نے ’دبئی انوائٹ‘ کے نام سے متعارف کرائی گئی اس اسکیم کے ذریعے رہائشیوں کو اپنے اہل خانہ اور دوستوں کو سیاحتی ویزے پر دبئی لانے کی ترغیب دی ہے۔

کامیاب دعوت کی صورت میں میزبان کو ہوٹلوں میں قیام، ریستورانوں میں رعایت، تفریحی مقامات کے ٹکٹ اور دیگر خصوصی سہولتوں پر مشتمل پیکیج دیا جائے گا۔

حکام کے مطابق ہر رہائشی زیادہ سے زیادہ 3 مہمانوں کے لیے اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، بشرطیکہ مہمان 31 اکتوبر سے قبل دبئی پہنچ جائیں۔ ان مراعات سے دسمبر تک استفادہ ممکن ہوگا، جبکہ شرط یہ بھی رکھی گئی ہے کہ آنے والا فرد یو اے ای کا رہائشی نہ ہو، درست سیاحتی ویزے پر سفر کرے اور اسے صرف ایک مرتبہ نامزد کیا جا سکے۔

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث سیاحتی سرگرمیوں میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی خدشات بڑھنے سے متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز نے اپنی پروازیں محدود یا معطل کر دی ہیں، جبکہ کئی فضائی کمپنیوں نے خطے کی فضائی حدود استعمال کرنے سے بھی گریز کیا، جس کے اثرات دبئی کے ہوائی اڈوں اور ہوٹل انڈسٹری پر پڑے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سیاحوں کی آمد کم ہونے سے ہوٹلوں میں بکنگ گھٹ گئی اور کئی کاروباری اداروں کی آمدنی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ بعض معروف ہوٹلوں نے کم طلب کے باعث تزئین و آرائش کے منصوبے قبل از وقت شروع کر دیے ہیں، جبکہ حکومت کی نئی اسکیم کے تحت کئی ہوٹل اور سیاحتی ادارے 45 فیصد تک رعایت، مفت قیام اور دیگر خصوصی آفرز بھی دے رہے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق اسکیم کے آغاز کے ابتدائی 48 گھنٹوں میں 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جسے سیاحت کی بحالی کے لیے مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *