|

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دہشت گردوں کے زیر استعمال موٹرسائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے مؤثر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد مارے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا گیا جبکہ ان کے زیر استعمال موٹرسائیکلیں بھی ضبط کر لی گئیں تاکہ انہیں مزید دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال نہ کیا جا سکے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں،  ان کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں ہو سکی۔کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی سہولت کاری میں ملوث متعدد مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے، جن سے تفتیش جاری ہے تاکہ دہشت گرد نیٹ ورک اور اس کے سہولت کاروں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور تلاشی کا عمل بھی جاری رکھا گیا ہے۔

ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور دہشت گرد عناصر و ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائے گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *