پاسپورٹ فیس آن لائن ادائیگی، شہریوں کیلئے اہم وضاحت سامنے آگئی
اسلام آباد: پاسپورٹ فیس آن لائن ادائیگی کرنے والے شہریوں کے لیے اہم وضاحت جاری کردی گئی ہے، جس کے تحت فیس جمع کرانے کے لیے مخصوص ڈیجیٹل طریقہ استعمال کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق پاسپورٹ فیس کی آن لائن ادائیگی صرف RAAST QR Code اسکین کرکے قبول کی جائے گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فیس جمع کراتے وقت مقررہ راست کیو آر کوڈ ہی استعمال کریں تاکہ ان کی ادائیگی درست طریقے سے وصول ہوسکے۔
محکمے نے واضح کیا ہے کہ IBFT کے ذریعے IBAN یا Passport Fee Asaan کے ذریعے PSID استعمال کرتے ہوئے کی جانے والی ادائیگیاں قبول نہیں کی جائیں گی۔ اس لیے پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے شہریوں کو فیس جمع کرانے سے قبل ادائیگی کے مقررہ طریقہ کار کو ضرور مدنظر رکھنا ہوگا۔
حکام کی جانب سے یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کے نظام کو ڈیجیٹل اور کیش لیس بنانے پر توجہ دی جارہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کے لیے فیس جمع کرانے کے عمل کو آسان بنانا اور روایتی طریقہ کار سے پیدا ہونے والی مشکلات میں کمی لانا ہے۔
یاد رہے کہ اگست 2026 میں ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے پاسپورٹ فیس کے کیش لیس نظام کو مزید آسان، تیز رفتار اور عوام دوست بنانے کی ہدایت کی تھی۔ پاسپورٹ ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران انہوں نے خود کیو آر کوڈ اسکین کرکے فیس ادا کی اور ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا تھا۔
محمد علی رندھاوا نے اس نظام کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو شہریوں کی سہولت کے لیے ادائیگی کے عمل کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی۔ موجودہ وضاحت کے بعد پاسپورٹ درخواست گزاروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ فیس جمع کراتے وقت صرف مقررہ RAAST QR Code استعمال کریں۔