|

دبئی کے جبل علی صنعتی علاقے میں متعدد دھماکوں کی اطلاعات

دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے اہم صنعتی علاقے جبل علی میں متعدد دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد علاقے میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ دور دور تک دھویں کے گہرے بادل دکھائی دیے۔ واقعے کے بعد مقامی سطح پر تشویش پھیل گئی، حکام کی جانب سے تاحال دھماکوں کی نوعیت یا وجوہات کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

ایرانی نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق مختلف ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساحلی علاقے میں دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی، دبئی کے جبل علی صنعتی علاقے میں تقریباً 20 منٹ کے دوران کم از کم سات دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

رپورٹس کے مطابق دھماکوں کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی اور آگ کے شعلے جبکہ دھویں کے بلند بادل دور سے بھی نظر آئے، فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دھماکے کس مقام پر ہوئے، ان کی شدت کتنی تھی اور آیا ان کے نتیجے میں کوئی جانی یا مالی نقصان ہوا ہے یا نہیں۔

متحدہ عرب امارات کے متعلقہ حکام کی جانب سے واقعے پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا جبکہ یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ دھماکے کسی صنعتی حادثے، آتشزدگی یا کسی اور وجہ سے پیش آئے۔ حکام کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لینے اور واقعے کی تحقیقات شروع کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جبل علی دبئی کا ایک اہم صنعتی اور تجارتی علاقہ ہے، جہاں بڑی تعداد میں صنعتی تنصیبات، گودام، تیل اور دیگر تجارتی سرگرمیاں موجود ہیں۔ اسی علاقے میں واقع جبل علی بندرگاہ مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی اور دنیا کی اہم تجارتی بندرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں روزانہ بڑی تعداد میں بحری جہازوں کی آمد و رفت جاری رہتی ہے۔

واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کیے جانے کے بعد ہی دھماکوں کی اصل نوعیت، ممکنہ نقصان اور اسباب کے بارے میں واضح معلومات سامنے آ سکیں گی۔ حکام کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھنے اور ضروری اقدامات اٹھانے کا سلسلہ جاری ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *