وزیراعظم کی ڈسکوز نجکاری میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دینے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجکاری کا عمل شفاف، مؤثر اور عالمی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ڈسکوز کی نجکاری اور نجکاری کمیشن کی اصلاحات و تنظیم نو سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں بجلی کی ترسیلی کمپنیوں کی نجکاری کے مختلف مراحل اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے لیے عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت، طے شدہ قواعد اور بہترین حکمت عملی کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نجکاری کمیشن میں جاری ادارہ جاتی اصلاحات اور تنظیم نو کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے، کمیشن میں عالمی معیار کے مالیاتی، قانونی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ماہرین کو شامل کیا جائے تاکہ ادارے کی استعداد کار میں اضافہ ہو اور سرمایہ کاری کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نجکاری کے دوران پیشہ ورانہ صلاحیت رکھنے والے کنسلٹنٹس کی تجاویز کو اہمیت دی جائے اور تمام ضروری قانونی و مالیاتی انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں، نجکاری کے بعد بھی صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ نجکاری میں شامل اداروں میں صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر اور جامع نظام قائم کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل گیپکو، فیسکو اور آئیسکو میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے اندرون و بیرون ملک روڈ شوز مکمل کیے جا چکے ہیں،ترکیہ، سعودی عرب اور چین میں کیے گئے روڈ شوز کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور سرمایہ کاروں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
بریفنگ میں نجکاری کمیشن کی تنظیم نو اور بہتر افرادی قوت کی شمولیت کے حوالے سے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور متعلقہ سرکاری اداروں کے حکام نے شرکت کی۔