476
| |

بجلی بلوں سے ایف بی آر نے 476 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کر لیا

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں پیش کردہ دستاویزات سے انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ایف بی آر نے بجلی کے بلوں میں مختلف ٹیکسوں کی مد میں 476 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم عوام سے وصول کی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کمیٹی کو فراہم کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ اس مجموعی رقم میں 351 ارب روپے سیلز ٹیکس جبکہ 124 ارب روپے انکم ٹیکس پر مشتمل ہیں۔ گزشتہ برسوں کا تقابلی جائزہ لیں تو مالی سال 25-2024 میں 562 ارب، 24-2023 میں 515 ارب اور 23-2022 میں 313 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا گیا تھا۔

انکم ٹیکس (ودہولڈنگ ٹیکس) کی وصولیوں میں صنعتی صارفین سے 66 ارب اور کمرشل صارفین سے 52 ارب روپے جمع ہوئے۔ اس کے علاوہ نان فائلرز گھریلو صارفین سے 4 ارب 82 کروڑ روپے جبکہ سیکشن 235 اے کے تحت دیگر گھریلو صارفین سے ایک ارب 37 کروڑ روپے بطور ٹیکس وصول کیے گئے۔

سیلز ٹیکس کی مد میں حاصل ہونے والے 351 ارب روپے کی تقسیم پر روشنی ڈالتے ہوئے دستاویزات میں بتایا گیا کہ 269 ارب روپے نارمل، 55 ارب روپے اضافی ٹیکس کی مد میں جبکہ 16 ارب 50 کروڑ روپے ریٹیلرز سے حاصل کیے گئے ہیں، جو کہ سرکاری خزانے میں جمع کروائے گئے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *