گوگل میپس میں ایک کارآمد فیچر کا اضافہ
گوگل میپس بیشتر افراد کے لیے روزمرہ زندگی کا ایک اہم نیوی گیشن ٹول بن چکا ہے، جس پر دنیا بھر میں لاکھوں صارفین راستوں اور مقامات کی معلومات کے لیے انحصار کرتے ہیں۔
اس سروس میں کئی مفید فیچرز موجود ہیں، جن میں اہم یا پسندیدہ مقامات کو محفوظ کرنے کی سہولت بھی شامل ہے تاکہ صارف انہیں بعد میں آسانی سے تلاش کرکے وہاں جا سکیں۔ صارف محفوظ کیے گئے مقامات کی مختلف فہرستیں بھی بنا سکتے ہیں۔
یہ سیو پلیسز گوگل میپس کے یو ٹیب میں دیکھی جاسکتی ہیں۔ تاہم اگر کوئی صارف نہیں چاہتا کہ محفوظ مقامات نقشے کے انٹرفیس کو غیر ضروری طور پر مصروف بنائیں تو انہیں چھپانے کی سہولت بھی موجود ہے، لیکن فی الحال ہر لسٹ کو الگ الگ ہائیڈ کرنا پڑتا ہے۔
اب گوگل اس عمل کو مزید آسان بنانے کی تیاری کر رہا ہے اور ایک نئے فیچر کی آزمائش جاری ہے، جس کے ذریعے صارف تمام محفوظ مقامات کو ایک ہی مرتبہ چھپا سکیں گے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچر گوگل میپس کے نئے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس فیچر کے تحت تمام محفوظ مقامات ایک ہی فہرست میں دکھائی دیں گے، جسے ’آل سیوڈ پلیسز‘ کا نام دیا گیا ہے۔
اس فہرست کے ساتھ ’ہائیڈ آن یور میپ‘ کا آپشن بھی موجود ہوگا، جو برابر میں دیے گئے تھری ڈاٹ بٹن پر کلک کرنے سے ظاہر ہوگا۔ اس آپشن کو منتخب کرنے پر ایک تصدیقی پیغام سامنے آئے گا، جس میں یہ بھی بتایا جائے گا کہ ضرورت پڑنے پر تمام لسٹس کو دوبارہ کیسے بحال کیا جاسکتا ہے۔