حج مکمل ڈیجیٹائز، عازمین گھر بیٹھے درخواست جمع کرا سکیں گے، وفاقی وزیر مذہبی امور
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے، اب عازمین حج گھر بیٹھے درخواستیں جمع کرا سکیں گے،4 لاکھ رجسٹرڈ عازمین گھر بیٹھے حج کے لیے درخواستیں جمع کرا سکیں گے جبکہ ادائیگی کے لیے عازمین کو تین آپشنز فراہم کیے گئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج کو ڈیجیٹائز کرنے کا مقصد عازمین کو انتظار اور طویل قطاروں کی زحمت سے بچانا ہے، عازمین حج اخراجات کریڈٹ کارڈ یا PSID کے ذریعے جمع کراسکیں گے، جبکہ چالان فارم پرنٹ کرکے نقد رقم جمع کرانے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
سردار محمد یوسف کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ حج اخراجات کی پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی جبکہ دوسری قسط اکتوبر میں وصول کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حج درخواستیں پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی اور مقررہ کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی، نجی حج اسکیم کے عازمین بھی پاک حج ایپ کے ذریعے اپنی پسند کے پرائیویٹ حج آپریٹر کا انتخاب کرسکیں گے۔
سردار محمد یوسف نے عازمین کو ہدایت کی کہ وہ نجی حج آپریٹرز کو براہِ راست رقم جمع نہ کرائیں اور ادائیگی کے لیے مقررہ سرکاری طریقہ کار ہی اختیار کریں۔