| |

روزانہ قیمتوں کے تعین کا اثر، صرف 6 دن میں پیٹرول 20 اور ڈیزل 55 روپے مہنگا

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا یومیہ بنیادوں پر تعین شروع ہونے کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل رد و بدل جاری ہے، تاہم مجموعی طور پر اب تک پٹرول 20 روپے 81 پیسے جبکہ ڈیزل 55 روپے 36 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے، جس سے عوام اور ٹرانسپورٹ کے شعبے پر اضافی مالی بوجھ پڑا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 18 جولائی سے نافذ ہونے والی قیمتوں میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 44 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد آنے والے دنوں میں بھی قیمتوں میں مسلسل تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔

21 جولائی کے لیے جاری کردہ نرخوں میں پٹرول کو معمولی ریلیف دیتے ہوئے 35 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا، تاہم اسی روز ڈیزل کی قیمت میں مزید 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا، جس سے ڈیزل کی مجموعی لاگت مزید بڑھ گئی۔

اس کے بعد 22 جولائی کو پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے اور ڈیزل میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جبکہ 23 جولائی کے لیے پٹرول 6 روپے 39 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا کر دیا گیا۔

اسی تسلسل میں 24 جولائی کے لیے بھی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، جس کے تحت پٹرول کی قیمت 4 روپے 40 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی۔

یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے 17 جولائی کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین یومیہ بنیادوں پر کرنے کی منظوری دی تھی۔ اس فیصلے کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی عالمی منڈی میں خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آنے والے اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے روزانہ نئی قیمتوں کا اعلان کر رہی ہے، جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی نرخوں میں مسلسل تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *