انسٹاگرام کا نیا فیچر، پوسٹ حذف کیے بغیر میوزک تبدیل کرنا ممکن ہوگیا
کیلیفورنیا: انسٹاگرام نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر ’ری پلیس آڈیو‘ متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے اب پہلے سے شائع شدہ فیڈ اور کیروسل پوسٹس کا پس منظر میوزک تبدیل کیا جا سکے گا۔
اس نئی سہولت سے صارفین کو اپنی پوسٹس دوبارہ اپ لوڈ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
اس سے قبل اگر کوئی صارف اپنی پوسٹ میں شامل گانا تبدیل کرنا چاہتا تھا تو اسے پوری پوسٹ حذف کرکے دوبارہ شیئر کرنا پڑتی تھی۔ اس عمل کے نتیجے میں پوسٹ پر موجود لائکس، تبصرے، شیئرز اور دیگر انگیجمنٹ بھی ختم ہو جاتی تھی، جس سے خاص طور پر کانٹینٹ کریئیٹرز کو نقصان اٹھانا پڑتا تھا۔
نئے فیچر کے بعد صارفین کسی بھی وقت اپنی پوسٹ کا میوزک تبدیل کر سکیں گے جبکہ پوسٹ پر موجود تمام لائکس، کمنٹس، شیئرز اور ریچ برقرار رہے گی۔
انسٹاگرام کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد تخلیق کاروں اور برانڈز کو اپنے مواد پر مزید تخلیقی اختیار فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بدلتے رجحانات کے مطابق آسانی سے اپنی پوسٹس کو اپ ڈیٹ کر سکیں۔
میوزک تبدیل کرنے کے لیے صارف کو متعلقہ پوسٹ کھول کر اوپر دائیں جانب موجود مینو پر جانا ہوگا، پھر ایڈٹ کا انتخاب کرنے کے بعد ری پلیس آڈیو کے آپشن پر ٹیپ کرنا ہوگا۔ اس کے بعد صارف اپنی پسند کا نیا گانا منتخب کرکے پوسٹ کے پس منظر کا میوزک تبدیل کر سکتا ہے۔
انسٹاگرام ماضی میں اپنے بعض متنازع فیچرز کی وجہ سے تنقید کی زد میں بھی رہا ہے، تاہم ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نئی سہولت خاص طور پر کانٹینٹ کریئیٹرز، کاروباری اداروں اور عام صارفین کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ اس سے پرانی پوسٹس کو نئے رجحانات کے مطابق باآسانی اپ ڈیٹ کیا جا سکے گا۔