شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، متعدد خوارج ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد
شمالی وزیرستان: خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران متعدد خوارج مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام وژن کے تحت گزشتہ دو ماہ سے انٹیلی جنس کی بنیاد پر مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران خوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے کھٹی کلی میں آپریشن کے دوران متعدد خوارج کو ہلاک کیا گیا جبکہ کارروائی کے بعد بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی قبضے میں لیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔ کارروائیوں کے دوران اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ برقرار رہے اور مقامی آبادی کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔