ایران پر مزید بڑے فوجی حملوں کی صلاحیت رکھتے ہیں، امریکی وزیر دفاع
واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نےاپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ امریکی افواج ہر ممکن ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، جبکہ فوج کو ہر وقت جنگی تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹ ہیگسیتھ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مؤقف کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پینٹاگون ہر قسم کی ممکنہ کارروائی کے لیے مکمل منصوبہ بندی اور تیاری رکھتا ہے، اس لیے ضرورت پڑنے پر فوری ردعمل دیا جا سکتا ہے۔
امریکی وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ مسلح افواج مکمل استعداد کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے تیار ہیں، تاہم انہوں نے کسی مخصوص فوجی منصوبے یا ممکنہ کارروائی کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔
ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر حالات نے تقاضا کیا تو امریکا ایران کے خلاف انتہائی شدید نوعیت کی فوجی کارروائی کر سکتا ہے۔
مبصرین کے مطابق حالیہ دنوں دونوں ممالک کی جانب سے سخت بیانات کے تبادلے نے خطے کی صورت حال پر عالمی توجہ مرکوز کر دی ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے بیانات مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں عالمی برادری مسلسل سفارتی حل، تحمل اور مذاکرات پر زور دے رہی ہے، کیونکہ موجودہ حالات نہ صرف علاقائی سلامتی بلکہ توانائی کی عالمی منڈیوں اور بین الاقوامی سیاست پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔