پاکستانی فاسٹ باؤلرز پر آئی سی سی کا جرمانہ، خلاف ورزی ثابت
دبئی: پاکستانی فاسٹ باؤلرز پر آئی سی سی کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلرز خرم شہزاد اور محمد عباس کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے جرمانے اور ڈی میرٹ پوائنٹس کا اعلان کیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خرم شہزاد پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ محمد عباس کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر باضابطہ طور پر سرزنش (Reprimand) کی گئی۔ دونوں کھلاڑیوں کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خرم شہزاد نے ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ کی وکٹ حاصل کرنے کے بعد جبکہ محمد عباس نے جومل واریکن کو آؤٹ کرنے پر جشن مناتے ہوئے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔
آئی سی سی کے مطابق دونوں پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے دی گئی سزا قبول کر لی، جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
دوسری جانب پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 90 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 120 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
کپتان بابر اعظم 58 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ سلمان آغا، عامر جمال اور محمد علی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ امام الحق، شان مسعود اور اذان اویس بھی جلد پویلین لوٹ گئے، جس کے باعث پاکستان مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکا۔
ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں 181 رنز بنائے تھے، جس کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے 211 رنز کا ہدف ملا۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس نے پانچ جبکہ خرم شہزاد اور محمد علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، تاہم بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار رہی۔