|

قومی بچت اسکیموں میں سرمایہ کرنے والوں کے لیے بڑی سہولت

اسلام آباد: نیشنل سیونگز ڈیجیٹل ایپ متعارف کرا دی گئی ہے، جس کے ذریعے قومی بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والے صارفین اب دفاتر کے چکر لگائے بغیر اپنے مالی معاملات موبائل فون سے باآسانی انجام دے سکیں گے۔

سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس جدید موبائل ایپ کا مقصد صارفین کو محفوظ، تیز رفتار اور آسان ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کسی بھی وقت اور کہیں سے بھی اپنی سرمایہ کاری سے متعلق معلومات حاصل کر سکیں۔

نیشنل سیونگز ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے صارفین اپنے اکاؤنٹ کا بیلنس چیک کر سکتے ہیں، ای اسٹیٹمنٹ حاصل کر سکتے ہیں اور لین دین کی مکمل ہسٹری بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف قومی بچت اسکیموں میں آن لائن سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل پروڈکٹس کی خریداری کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

ایپ کے ذریعے سرمایہ کار اپنی مجموعی سرمایہ کاری، حاصل ہونے والے منافع اور دیگر مالی تفصیلات پر بھی فوری نظر رکھ سکیں گے، جس سے مالی معاملات کو زیادہ مؤثر انداز میں منظم کرنا آسان ہوگا۔

حکام کے مطابق یہ موبائل ایپ اینڈرائیڈ اور آئی فون دونوں صارفین کے لیے گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور پر دستیاب ہے، جہاں سے اسے مفت ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

صارفین کی سہولت کے لیے نیشنل سیونگز نے خصوصی ہیلپ لائنز بھی قائم کی ہیں۔ اے ٹی ایم سے متعلق معاونت کے لیے +92 51 111 267 268 جبکہ موبائل ایپ سے متعلق رہنمائی کے لیے +92 51 111 728 464 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ صارفین سرکاری ویب سائٹ www.savings.gov.pk یا ای میل digital@savings.gov.pk کے ذریعے بھی معلومات اور معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔

نیشنل سیونگز حکام کا کہنا ہے کہ جو صارفین ڈیجیٹل سروسز کے استعمال سے متعلق مزید رہنمائی چاہتے ہیں، وہ اپنے قریبی نیشنل سیونگز سینٹر سے بھی رجوع کر سکتے ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *