|

عمان سے معاہدے کے باوجود آبنائے ہرمز فوری نہیں کھلے گی، ایران

تہران: ایران نے واضح کیا ہے کہ عمان کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے کے باوجود آبنائے ہرمز کو فوری طور پر دوبارہ کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا جائے گا، آبنائے ہرمز کھولنے کا معاملہ امریکا کے رویے، پالیسیوں اور خلاف ورزیوں کی اصلاح سے مشروط ہے۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان ہونے والے کسی بھی معاہدے کا براہ راست تعلق امریکا کے ساتھ مذاکرات یا کسی امریکی مطالبے سے نہیں ہوگا، آبنائے ہرمز کی صورتحال پر فیصلہ خطے کے حالات، امریکا کے اقدامات اور اس کی پالیسیوں میں تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران کا مؤقف ہے کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا معاملہ صرف کسی ایک معاہدے یا سفارتی پیش رفت سے منسلک نہیں بلکہ اس کا انحصار وسیع تر علاقائی صورتحال اور امریکا کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایران اور عمان کے درمیان رابطے اور مذاکرات جاری ہیں، ان مذاکرات کو امریکا کے ساتھ کسی براہ راست مفاہمت یا سمجھوتے کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے، آبنائے ہرمز سے متعلق فیصلے ایران کے قومی مفادات اور علاقائی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔

آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی بڑی مقدار منتقل کی جاتی ہے۔ خلیج فارس اور خلیج عمان کو ملانے والی اس آبی گزرگاہ کی اہمیت کے باعث یہاں پیدا ہونے والی کسی بھی کشیدگی کے اثرات عالمی توانائی کی منڈیوں اور بین الاقوامی تجارت پر پڑ سکتے ہیں۔

ایران ماضی میں بھی آبنائے ہرمز کو اپنی سلامتی اور دفاعی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیتا رہا ہے،اگر ملک کے مفادات یا سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا تو وہ اپنے پاس موجود تمام قانونی اور دفاعی ذرائع استعمال کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

دوسری جانب عالمی برادری خلیجی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور بحری راستوں کو محفوظ رکھنے پر زور دیتی رہی ہے۔ آبنائے ہرمز کی صورتحال پر مختلف ممالک کی نظریں مرکوز ہیں کیونکہ اس راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں اور سپلائی پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *