جاپان: معروف اداکار کے چہرے والی لیٹس کی پیکنگ وائرل ہوگئی
ٹوکیو: جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں سبزیوں کی خریداری کے دوران صارفین کو ایک منفرد اور دلچسپ تجربہ پیش آ رہا ہے، جہاں سپر مارکیٹوں میں دستیاب لیٹس (سلاد کے پتے) کی پیکنگ پر معروف جاپانی اداکار تاتسویا فوجیوارا کی تصویر نمایاں کی گئی ہے۔ اس غیرمعمولی اقدام نے نہ صرف خریداروں کی توجہ حاصل کی بلکہ سماجی رابطوں پر بھی بحث کا موضوع بن گیا ہے۔
یہ منفرد مہم جاپانی غذائی کمپنی اجینوموتو نے ایک زرعی تعاون تنظیم کے اشتراک سے شروع کی ہے، جس کا مقصد گرمیوں کے موسم میں لیٹس کے ضائع ہونے کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنا اور صارفین میں خوراک کے تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔
مہم کے منتظمین کے مطابق جاپان میں موسمِ گرما کے دوران لیٹس کی پیداوار میں اضافہ ہو جاتا ہے، تاہم اسی عرصے میں بڑی مقدار میں سبزیاں خراب ہونے کے باعث ضائع بھی کر دی جاتی ہیں، گرمیوں کے مہینوں میں 60 فیصد سے زائد افراد لیٹس کو خراب ہونے کی وجہ سے پھینک دیتے ہیں۔
اس مسئلے کی جانب عوام کی توجہ مبذول کرانے کے لیے تاتسویا فوجیوارا نے اپنی تصویر لیٹس کی پیکنگ پر استعمال کرنے کی اجازت دی۔ مہم کے ذریعے کوشش کی جا رہی ہے کہ صارفین سبزیوں کو بہتر طریقے سے محفوظ رکھنے اور غیرضروری ضیاع سے بچنے کے حوالے سے زیادہ محتاط رویہ اختیار کریں۔
جاپانی اداکار نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس پر اس مہم کا ذکر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ انہیں کہا گیا کہ لیٹس ایک مسئلے کا شکار ہے اور کیا وہ اس کے لیے اپنا چہرہ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے رضامندی ظاہر کی، جس کے بعد واقعی ان کی تصویر لیٹس کی پیکنگ کا حصہ بن گئی۔
تاتسویا فوجیوارا نے مزید کہا کہ اب وہ سبزیوں کے شعبے میں خریداروں کے درمیان موجود رہیں گے، جہاں لوگ انہیں ایک مختلف انداز میں دیکھ سکیں گے۔
جاپان میں اس تخلیقی مہم کو صارفین کی جانب سے مثبت ردعمل مل رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق خوراک کے ضیاع جیسے سنجیدہ مسئلے کو منفرد اور دلچسپ انداز میں اجاگر کرنے والی ایسی کوششیں عوامی شعور بڑھانے میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔