جبڑے کی معمولی سرجری مہنگی پڑ گئی، نوجوان خاتون کا چہرہ بری طرح متاثر
بیجنگ: چین میں جبڑے کی سرجری کے بعد ایک 24 سالہ نوجوان خاتون کا چہرہ شدید متاثر ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر لی ہے۔ متاثرہ خاتون کا مؤقف ہے کہ وہ صرف معمولی جبڑے کی درستگی کے لیے اسپتال گئی تھیں، مگر آپریشن کے بعد ان کے چہرے کی ساخت مکمل طور پر تبدیل ہوگئی۔
چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون، جنہیں رازداری کی خاطر “متاثرہ اے” کا نام دیا گیا ہے، ووہان یونیورسٹی کے ڈینٹل اسپتال میں معمولی کاسمیٹک اصلاح کے لیے داخل ہوئیں۔ ان کی خواہش تھی کہ جبڑے کو صرف 2 ملی میٹر پیچھے کیا جائے، تاہم آپریشن کے بعد جبڑا الٹا تقریباً 13 ملی میٹر آگے آ گیا، جس سے چہرے کا توازن بری طرح متاثر ہوا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سرجری کے دوران ایک دھاتی سوئی دانت کی جڑ سے ٹکرا گئی، جبکہ ناک کی درمیانی ہڈی بھی متاثر ہوئی، جس کے باعث خاتون کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی جبڑے کی سرجری کی ضرورت ہی نہیں تھی، کیونکہ مسئلہ آرتھوڈانٹک علاج، یعنی دانتوں کی سیدھ درست کرنے سے بھی حل کیا جا سکتا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کی بنیاد پر یہ معاملہ ممکنہ طبی غفلت کی جانب اشارہ کرتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ تحقیقات کے بعد ہی کیا جا سکتا ہے۔
خاتون کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اس کاسمیٹک آپریشن پر 55 ہزار امریکی ڈالر سے زائد خرچ کیے، جبکہ اب چہرے اور جبڑے کی درستگی کے لیے کئی برس اور مزید بھاری اخراجات درکار ہوں گے۔
دوسری جانب سرجری کرنے والے ڈاکٹر نے مبینہ طور پر مؤقف اختیار کیا کہ آپریشن کے بعد خاتون کی شکل پہلے سے زیادہ “مغربی طرز” کی دکھائی دیتی ہے، تاہم یہ بیان بھی سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آ گیا۔
واقعہ منظرعام پر آنے کے بعد متعلقہ اسپتال نے سرجری کی مکمل رقم واپس کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جبکہ صحت کے متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا اور قانونی کارروائی بھی عمل میں آ سکتی ہے۔