جنوبی بحیرہ چین میں امریکی بحری بیڑہ چار روز سے بجلی سے محروم
واشنگٹن: جنوبی بحیرہ چین میں تعینات امریکی بحری بیڑہ مبینہ طور پر گزشتہ چار روز سے بجلی کی فراہمی سے محروم ہے، جس کے باعث شدید گرمی کے دوران جہاز پر موجود عملے کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بجلی کی بندش کے نتیجے میں ایئر کنڈیشننگ سسٹم نے کام کرنا چھوڑ دیا جبکہ جہاز کے بعض بنیادی نظام بھی متاثر ہوئے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق بجلی کی خرابی کے باعث جہاز میں موجود ٹوائلٹس اور کچن بھی ناقابل استعمال ہوگئے ہیں۔ بجلی کی مسلسل عدم دستیابی نے ہزاروں اہلکاروں پر مشتمل عملے کے لیے جہاز پر معمول کی سرگرمیاں جاری رکھنا مشکل بنا دیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی کی فراہمی میں تعطل کی وجہ انجینئرنگ سے متعلق مسائل بتائی جارہی ہے۔ خرابی کی اصل نوعیت اور اسے مکمل طور پر دور کرنے میں مزید کتنا وقت لگے گا، اس حوالے سے فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
شدید گرمی کے موسم میں ایئر کنڈیشننگ کی بندش نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ طویل عرصے تک بجلی کی عدم فراہمی نہ صرف عملے کے آرام بلکہ جہاز کے مختلف تکنیکی اور انتظامی نظام کے لیے بھی چیلنج بن سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بحری جہاز میں کچن کی سہولت متاثر ہونے سے عملے کے لیے خوراک کی تیاری بھی مشکل ہوگئی ہے جبکہ ٹوائلٹس کی خرابی نے روزمرہ ضروریات کے مسائل میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
امریکی بحری بیڑے کو دنیا کے مختلف حساس علاقوں میں بیک وقت تعینات کیے جانے کے تناظر میں جنوبی بحیرہ چین میں سامنے آنے والی یہ خرابی امریکی بحریہ پر بڑھتے ہوئے آپریشنل دباؤ سے متعلق سوالات بھی اٹھا رہی ہے۔
امریکی بحریہ اس وقت مشرق وسطیٰ سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں متعدد فوجی مشنز اور آپریشنز میں مصروف ہے۔ ایران سے متعلق جاری کشیدگی کے دوران امریکی بحری وسائل کی مختلف علاقوں میں تعیناتی بھی جاری ہے، جس کے باعث بحریہ کے اہلکاروں اور جنگی جہازوں پر آپریشنل دباؤ بڑھنے کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔
امریکی حکام کی جانب سے جنوبی بحیرہ چین میں موجود بحری بیڑے کی بجلی کی بندش، اس کی مکمل وجوہات اور جہاز کی آپریشنل صلاحیت پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔