آزاد کشمیرمیں انتخابات کاپہلا مرحلہ: پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری
میرپور: آزاد کشمیرمیں انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی ہدایت پر میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں پولنگ شام 6 بجے تک جاری رہی۔ووٹرز کے غیرمعمولی ٹرن آؤٹ کے باعث پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھایا گیا تھا۔جبکہ پولنگ پانچ بجے ختم ہونا تھی۔
آزاد کشمیر میں میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے کچھ حلقوں میں ن لیگ، پیپلز پارٹی، آئی پی پی اور جماعت اسلامی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ 6 حلقوں میں مختلف سیاسی جماعتوں اور آزادا امیدواروں سمیت 126 امیدوار مدمقابل ہیں۔
ضلع کے 6 انتخابی حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے، ڈویژن میں ووٹنگ کے لیے 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، میرپور میں 597، کوٹلی میں 1107 اور بھمبر میں 608 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ایل اے 8 راج محل1 میں 66 انتہائی حساس، 44 حساس، اور 43 نارمل پولنگ اسٹیشنز قرار دیے گئے ہیں، ایل اے 9 کوٹلی 2 میں 113 انتہائی حساس، 63 حساس اور کوئی پولنگ اسٹیشن نارمل نہیں، ایل اے 11 سہنسہ کوٹلی 4 میں 77 انتہائی حساس اور 91 حساس پولنگ اسٹیشن ہیں۔
ادھرایل اے 12 کوٹلی 5 چڑہوئی میں تمام 113 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، ایل اے 13 کوٹلی 6 میں 91 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس، 51 کو حساس اور 51 کوسد نارمل قرار دیا گیا ہے۔ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔