عمران خان کے
|

 عمران خان کے 39 طبی معائنے، متعدد سرکاری ڈاکٹرزچیک اپ کرتے ہیں، اڈیالہ جیل رپورٹ

اسلام آباد: سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا متعدد سرکاری معالجین باقاعدگی سے طبی معائنہ کرتے ہیں جبکہ 4 نومبر 2023 سے 10 اگست 2026 تک مختلف طبی ماہرین کی جانب سے ان کے 39 طبی معائنے کیے گئے۔

عمران خان کی صحت اور ملاقاتوں سے متعلق اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے دو صفحات پر مشتمل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے، جس میں جیل میں ملاقاتوں اور طبی سہولیات سے متعلق تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ کی ہر منگل کو جیل رولز کے تحت باقاعدگی سے ملاقات کرائی جاتی ہے اور اب تک دونوں کی 84 ملاقاتیں ہوچکی ہیں، وکیل سلمان صفدر بھی 10 فروری اور 4 اپریل 2026 کو عمران خان سے ملاقات کرچکے ہیں۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جیل کے میڈیکل افسران بانی پی ٹی آئی کے کھانے پینے کی اشیا کی دن میں تین مرتبہ جانچ کے ساتھ ان کا طبی معائنہ بھی کرتے ہیں۔ متعدد سرکاری معالجین کی جانب سے عمران خان کے چیک اپ کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق ماہر امراض چشم سے بھی عمران خان کی آنکھ کا علاج کرایا جاتا رہا ہے اور ان کی ایک آنکھ تقریباً نارمل ہوچکی ہے۔

ملاقاتوں سے متعلق رپورٹ میں ہائیکورٹ کے فیصلے میں سلمان اکرم راجہ کی جانب سے عدالت کو دی گئی یقین دہانی کا حوالہ بھی دیا گیا ہے کہ ملاقات کے بعد جیل احاطے میں میڈیا سے گفتگو نہیں کی جائے گی، عدالتی حکم کے باوجود میڈیا سے گفتگو کرکے اس کی خلاف ورزی کی گئی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا سنگل بینچ شیر افضل کیس میں جیل رولز 265 کو خلافِ قانون قرار دے چکا ہے۔ جیل میں ہونے والی ملاقاتوں کے ذریعے عدلیہ، خارجہ پالیسی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف عوامی جذبات ابھارنے کا بھی دعویٰ رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ، جس کی سربراہی جسٹس شاہد وحید کر رہے ہیں، کل عمران خان کی صحت اور جیل میں ملاقاتوں سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *