پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف جماعت اسلامی کا ملک گیر احتجاج کا اعلان
کراچی: جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافے اور پیٹرولیم لیوی کی مد میں بھاری ٹیکس وصولی کے خلاف ملک بھر میں مسلسل اور بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔
جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان جمعرات 23 جولائی کو صبح 11 بجے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کے دوران کراچی میں ہونے والے احتجاج کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے، جبکہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن اس حوالے سے پہلے ہی 7 اگست کو ملک گیر احتجاج اور دھرنوں کا اعلان کرچکے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور روزانہ کی بنیاد پر ہونے والا اضافہ ظالمانہ اقدام ہے، جس سے عام شہری، نوجوان، طلبہ، تاجر، صنعتکار اور ٹرانسپورٹرز سمیت معاشرے کا ہر طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے اور مہنگائی کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاجر و صنعتکار تنظیموں اور پیٹرول پمپ مالکان کی ایسوسی ایشن نے بھی حکومتی فیصلے کو مسترد کیا ہے لیکن اس کے باوجود حکومت روزانہ کی بنیاد پر عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے پر بضد ہے، جس سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہو رہی ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق حکومت عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے پر فوری طور پر پیٹرول مہنگا کر دیتی ہے، جب عالمی سطح پر قیمتیں کم ہوتی ہیں تو اس کا فائدہ عوام تک منتقل نہیں کیا جاتا۔
جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ اضافے کا نظام فوری طور پر ختم کیا جائے، پیٹرولیم لیوی کی وصولی بند کی جائے اور پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے تاکہ عوام اور دیگر شعبوں کو مستقل بنیادوں پر سستا ایندھن میسر آسکے۔