نادرا خفیہ معلومات: لیک خدشات پر ایف آئی اے نے نیا ڈیجیٹل پروٹوکول جاری کردیا
اسلام آباد: نادرا نے خفیہ معلومات کے حصول کے لیے مقررہ پروٹوکول کی خلاف ورزی پر ڈی جی ایف آئی اے کو باضابطہ شکایت ارسال کردی، جس کے بعد ایف آئی اے کے تمام زونز کو معلومات کے حصول کے لیے مقررہ طریقہ کار پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کردی گئی۔
نادرا کی جانب سے ڈی جی ایف آئی اے کو بھیجے گئے مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آسٹریلوی پولیس کی درخواستوں سے متعلق ایف آئی اے کی جانب سے نادرا کو دستی خطوط ارسال کیے گئے جو مقررہ پروٹوکول کے مطابق نہیں تھے۔
نادرا کے مراسلے پر ڈی جی ایف آئی اے نے تمام زونز، سرکلز اور متعلقہ دفاتر کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ معلومات کے حصول کے لیے نادرا کو درخواستیں ڈیٹا شیئرنگ ماڈیول پورٹل کے ذریعے ارسال کی جائیں۔
حکمنامے میں ایف آئی اے کے تمام زونز اور دفاتر کو دیگر محکموں سے معلومات کے حصول کے لیے براہِ راست رابطے سے بھی روک دیا گیا ہے، معلومات کے حصول کے لیے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل کے ذریعے مقررہ طریقہ کار اختیار کیا جائے۔
ڈی جی ایف آئی اے نے خبردار کیا ہے کہ حکمنامے کی خلاف ورزی کرنے والے متعلقہ افسران اور حکام کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ مینوئل ڈاک یا غیر محفوظ ذرائع کے ذریعے خفیہ معلومات کے تبادلے سے معلومات لیک ہونے کا خدشہ موجود رہتا ہے، اس لیے حساس معلومات کے حصول اور تبادلے کے لیے مقررہ ڈیجیٹل نظام استعمال کیا جائے۔
ایف آئی اے کے تمام زونز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور معلومات کے حصول کے لیے براہِ راست رابطوں سے گریز کریں۔