گھی، دودھ اور کوکنگ آئل کے معیار پر بڑا سوال، اہم رپورٹ سامنے آگئی
اسلام آباد (8 اگست 2026): ملک میں استعمال ہونے والی گھی، دودھ اور کوکنگ آئل کی مصنوعات کے معیار سے متعلق اہم رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں بڑی تعداد میں نمونے مقررہ صحت کے معیار پر پورے نہیں اتر سکے۔
نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں گھی، کوکنگ آئل اور دودھ کے معیار سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 491 نمونوں کی جانچ کی گئی، جن میں سے 176 نمونے غیر معیاری قرار پائے۔
رپورٹ کے مطابق ٹیسٹ کیے گئے نمونوں میں تقریباً 36 فیصد معیار کے مطابق نہیں تھے۔ اس انکشاف کے بعد بازار میں دستیاب خوردنی اشیا کے معیار کی نگرانی مزید سخت کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 204 بناسپتی گھی کے نمونوں میں سے 98 نمونے غیر معیاری پائے گئے۔ اسی طرح 146 مکسڈ کوکنگ آئل کے نمونوں کی جانچ میں 40 نمونے مطلوبہ معیار پر پورے نہیں اترے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے پیک شدہ اشیائے خورونوش کے معیار پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر معیاری دودھ، گھی اور کوکنگ آئل کا استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے اور نوجوانوں میں دل کی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کے حوالے سے بھی اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔
نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ملک بھر میں کھلے خوردنی تیل، گھی اور دودھ کے معیار کا سروے کرانے کی ہدایت کردی۔
کمیٹی کی جانب سے صوبائی حکومتوں، علاقائی انتظامیہ اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ غیر معیاری اشیا کی جانچ کا دائرہ وسیع کیا جائے اور بازار میں دستیاب مصنوعات کے معیار کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔
رپورٹ کے مطابق گھی، دودھ اور کوکنگ آئل کے نمونوں میں سامنے آنے والی خامیوں کے بعد متعلقہ اداروں کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے، جبکہ صارفین کے لیے معیاری اور محفوظ اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانا بھی اہم قرار دیا گیا ہے۔