اسٹریٹ کرائم وارداتوں میں صحافی بھی غیرمحفوظ : لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن کا اظہار تشویش
کراچی: شہرقائد میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتیں باعث تشویش ہیں ان وارداتوں میں صحافی بھی دیگر شہریوں کی طرح جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی اسلم علی خان اور ان کے صاحبزادے محسن خان سےنیو کراچی سیکٹر 5-D میں اسلحے کے زور پر ہونے والی ڈکیتی کی واردات اور مقدمہ درج کرنے میں 15 روز کی تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر تنویر سید، دیگر عہدیداران اور اراکین نے کہا ہے کہ ملزمان کے چہرے سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی واضح طور پر نظر آ رہے ہیں، تاہم اس کے باوجود ایف آئی آر بروقت درج نہیں کی گئی۔
LBRA نے آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایس ایس پی سینٹرل اور ایس ایچ او بلال کالونی سے مطالبہ کیا ہے کہ واردات میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے چھینا گیا سامان برآمد کیا جائے، اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور صحافیوں سمیت تمام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔