پنجاب کے طلبہ
|

پنجاب کے طلبہ کے لیے خوشخبری، اب رزلٹ کارڈ موبائل پر حاصل کریں

لاہور: پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز نے طلبہ اور والدین کی سہولت کے لیے امتحانی نتائج کے حصول کے روایتی نظام کو جدید ڈیجیٹل طرز پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس اہم اقدام کے بعد اب طلبہ کو کاغذی رزلٹ کارڈز کے لیے بورڈ دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق صوبے کے 9 تعلیمی بورڈز نے باضابطہ طور پر ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ سسٹم کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت طلبہ نتائج کا اعلان ہوتے ہی اپنے گھر بیٹھے انٹرنیٹ کے ذریعے اپنا رزلٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ کر سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی ڈیجیٹل پورٹل تیار کیا جا رہا ہے۔

تعلیمی حکام نے کہا کہ اس منصوبے کا آغاز مرحلہ وار ہوگا۔ پہلے مرحلے میں نویں جماعت اور فرسٹ ایئر کے طلبہ کو ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے، جبکہ بعد ازاں دسویں اور سیکنڈ ایئر کے طلبہ کو بھی اس جدید نظام کا حصہ بنا دیا جائے گا۔ اس سے ریکارڈ کی حفاظت بھی ممکن ہوگی۔

ان نئے ڈیجیٹل رزلٹ کارڈز میں کیو آر کوڈ اور جدید حفاظتی فیچرز شامل ہوں گے، جن کی مدد سے تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر فوری طور پر دستاویزات کی تصدیق کر سکیں گے۔ یہ نظام طلبہ کو کسی بھی قسم کی جعلسازی سے بچانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا اور تعلیمی عمل کو شفاف بنائے گا۔

حکام نے مزید کہا کہ ان ڈیجیٹل رزلٹ کارڈز کو روایتی دستاویز کے مساوی مکمل قانونی اور سرکاری حیثیت حاصل ہوگی۔ طلبہ ان کارڈز کو کسی بھی یونیورسٹی میں داخلے، ملازمت کے حصول، اسکالرشپس اور دیگر سرکاری امور بشمول مساوی سند حاصل کرنے کے لیے بلا جھجھک استعمال کر سکیں گے اور انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا۔

ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف طلبہ کے قیمتی وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی بلکہ تعلیمی نظام جدید خطوط پر استوار ہوگا۔ ڈیجیٹل منتقلی سے بورڈز کے انتظامی امور میں بھی بہتری آئے گی اور طلبہ کو سہولت کے ساتھ فوری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *