کراچی؛ دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری کی جان گئی، رواں سال کی تعداد 43 ہو گئی
کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک اور شہری جان کی بازی ہار گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تازہ واقعے کے بعد رواں سال شہر میں مزاحمت کے دوران قتل ہونے والے شہریوں کی تعداد 43 تک پہنچ گئی، جبکہ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ فیروز آباد کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 کے قریب پیش آیا، جہاں مسلح موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے شہریوں کو لوٹنے کے بعد فائرنگ کر دی۔
مقتول کی شناخت 45 سالہ نسیم عباسی کے نام سے ہوئی، جن کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ نسیم عباسی، جو جیکب لائن کے رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے ایئرکنڈیشن مکینک تھے، اپنے ہیلپر کے ساتھ موٹرسائیکل پر جا رہے تھے۔ ملزمان نے ان سے پرس اور موبائل فون جبکہ ہیلپر سے بھی موبائل چھین لیا اور فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کر دی، جس سے نسیم عباسی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 3 خول برآمد کیے گئے ہیں، جبکہ کرائم سین یونٹ نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔
تفتیشی ٹیمیں ملزمان کے فرار کے راستوں پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر رہی ہیں اور عینی شاہدین کے بیانات بھی قلم بند کیے جا رہے ہیں تاکہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔